9 مارچ 2014 - 20:30
بحرین میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزی

انسانی حقوق کی بین الاقوامی کمیٹی کے چیئرمین محمد صدیق نے بحرین میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزی پر شدید تنقید کی ہے۔

ابنا: العالم کے مطابق انھوں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک بیان میں بحرین کی آل خلیفہ حکومت سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی، بند اور سیاسی قیدیوں کی فوری طور پر رہائی کا مطالبہ کیا۔اسی طرح بحرین میں پرامن احتجاج کرنے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی کیلئے الدیہ کے علاقے میں پیش آنے والے حادثے کو بہانہ بنائے جانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی کمیٹی کے چیئرمین محمد صدیق نے کہا کہ الدیہ کے واقعے کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کی ضرورت ہے۔تین مارچ کو اس علاقے میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں بحرین کے تین سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔دوسری جانب بحرین کے انسانی حقوق مرکز میں مذہبی آزادی کے شعبے کے سربراہ شیخ میثم السلمان نے کہا ہے کہ بحرین کے عوام گذشتہ تینتالیس برسوں سے اپنی رائے کی بنیاد پر حکومت کے انتخاب سے محروم ہیں اور بحرین میں عوام کو بالکل بھی آزادی حاصل نہیں ہے اس رو سے بحرین میں اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے۔ادھر بحرین کی علماء کونسل میں شرعی کمیٹی کے سربراہ شیخ فاضل الزاکی نے بحرینی عوام کے پرامن احتجاج پر پابندی پر اعتراض کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت، الدیہ کے واقعے کو بحرینی عوام کے خلاف مظالم اور ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کئے جانے کا بہانہ بنا رہی ہے۔......./169